Tuesday 11 February 2014

دیور سے پردہ



دیور سے پردہ
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
سوال : ہم چار بھائی ہیں، کیا میں اپنے بھائی کی بیوی کو دیکھ سکتا ہوں ۔ ؟

الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
جواب: نہیں! آپ اپنی بھابھی کو نہیں دیکھ سکتے ہیں،بلکہ آپ کی بھابھی پر واجب ہے کہ وہ  دیگر غیر محرموں کی مانند اپنے بالغ دیوروں سے بھی پردہ کیا کرے،بلکہ دیور سے پردہ کرنا تو نہایت ضروری ہے ،کیونکہ نبی کریم نے اس کو موت قرار دیا ہے۔
نبی اکرمﷺ نے عورتوں کے پاس جانے سے منع کرتے ہوئے فرمایا:
((إياكم الدخول على النساء ، فقال رجل من الأنصار يا رسول الله ، أفرأيت الحمو؟ قال : الحموالموت )) ( صحيح البخاري)
’’ عورتوں کے پاس جانے سے بچو، تو ایک انصاری صحابی نے عرض کیا یا رسول اللہ! دیور کے بارے میں آپ کا کیا ارشاد ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا کہ’’دیور تو موت ہے۔‘‘

عورت اگر اپنے دیور وغیرہ کے سامنے اپنا چہرہ کھولے (ظاہر کرے گی) اور وہ اس کی طرف دیکھے گا تو یہ بات فتنہ میں مبتلا ہونے اور حرام کام کے ارتکاب کا سبب بن سکتی ہے۔
حقیقت حال تو اللہ تعالیٰ بہترجانتا ہے لیکن معلوم ہوتا ہے کہ یہی وہ امور ہیں جن کی وجہ سے پردے کو واجب قرار دیا گیا ہے اور غیر محرم عورت کی طرف دیکھنے اور خلوت اختیار کرنے کو حرام قرار دیا گیا ہے کیونکہ چہرہ ہی تو مجمع محاسن ہے۔

ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔